30 جنوری 2015 - 01:47
قومی ایکشن پلان کے تحت بلوچستان سے دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کو یقینی بنایا جائے،علامہ ساجد نقوی

کوئٹہ میں وزیراعلٰی بلوچستان سے ملاقات کے دوران ٹی جے پی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ فرقہ وارایت پھیلانے والے شرپسندوں کی بھرپور سرکوبی کی جائے اور زائرین کے مسائل کو موثر انداز میں حل کرنے کیلئے مزید عملی اقدامات اُٹھائے جائیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق تحریک جعفریہ پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت زائرین کے مسائل کو حل کرنے کیلئے مزید موثر اقدامات اُٹھائے۔ کوئٹہ میں وزیراعلٰی بلوچستان کیساتھ ملاقات کے دوران علامہ سید ساجد علی نقوی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں مجموعی طور پر امن و امان کی صورتحال بہتری کیجانب جا رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سانحہ پشاور کے بعد قومی ایکشن پلان اور اکیسویں آئینی ترمیم کے تحت بلوچستان بھر میں دہشتگردوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، جبکہ فرقہ وارایت پھیلانے والے شرپسندوں کی بھی سرکوبی کی جائے۔ اس موقع پر وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے علامہ سید ساجد علی نقوی کو کوئٹہ آنے پر خوش آمدید کہا۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا کہنا تھا کہ انکی مخلوط حکومت صوبے میں آباد تمام اقوام کیساتھ برابری کی بنیاد پر یکساں سلوک کر رہی ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ صوبے میں امن و امان کی مخدوش صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے حکومت کو کئی چیلنجز کا سامنا تھا، لیکن تمام برادر اقوام کے تعاون سے انہیں کامیابیاں نصیب ہوئی ہیں۔ زائرین کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلٰی بلوچستان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ سے لیکر تفتان تک زائرین کو فوول پرؤف سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ این او سی کے حصول کو بھی مزید آسان بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ڈاکٹر عبدالمالک کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگردوں کیخلاف بھی ایف سی اور پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے کارروائیاں کر رہے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169